ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسرگوڈ:  ایئر فون کیبل سے گلا گھونٹ کر نوزائیدہ بچے کو ہلاک کرنے والی ماں گرفتار

کاسرگوڈ:  ایئر فون کیبل سے گلا گھونٹ کر نوزائیدہ بچے کو ہلاک کرنے والی ماں گرفتار

Thu, 07 Jan 2021 20:15:55    S.O. News Service

کاسرگوڈ،7؍ جنور ی (ایس او نیوز) کاسرگوڈ کیرالہ سے ملی ایک رپورٹ کے مطابق ایک شقی القلب ماں نے وحشتناک فعل انجام دیتے ہوئے ایئر فون کیبل سے  اپنے نوزائیدہ بچے کا گلا گھونٹ کر مار ڈالا ہے۔

پولیس نے بچے کے قتل کے الزام میں  جس  ماں کو گرفتار کیا ہے اس کی شناخت شاہینہ (24سال)  کے طور پر کی گئی ہے۔ حالانکہ یہ واردات 15دسمبر کو انجام دی گئی تھی ، مگر اس کی اطلاع بہت ہی تاخیر سے میڈیا کو ملی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ شاہینہ کو اس کے گھر والےبہت زیادہ خون جاری ہونے کی شکایت کے ساتھ کاسرگوڈ ہاسپٹل میں لائےتھے۔ وہاں ڈاکٹروں نے جانچ کرنے کے بعد بتایا کہ اس خاتون نے چند گھنٹے پہلے بچے کو جنم دیا ہے  جس کی وجہ سے یہ خون بہہ رہا ہے۔ گھر والے یہ بات سن کر حیران وپریشان ہوگئے کیونکہ ایسی کوئی بات ان کے علم میں نہیں تھی۔ ڈاکٹروں نے گھروالوں کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں جاکر بچے کو تلاش کریں۔ 

پھر جب گھر میں تلاشی لی گئی تو ایک پلنگ کے نیچے نوزائیدہ بچہ  مردہ حالت میں کپڑے میں لپٹا ہوا پڑا ملا۔ بچے کی لاش کوپولیس نے اپنے قبضے میں لیا اور کنّور میڈیکل کالج ہاسپٹل میں اس کا پوسٹ مارٹم کروایا۔ رپورٹ سے معلوم ہوا کہ بچے کا گلا کسی باریک کیبل سے گھونٹا گیا ہے۔اس کے بعد شاہینہ نے پولیس کی پوچھ تاچھ میں اقرار کیا کہ اس نے ایئر فون کے کیبل سے اپنے بچے کا گلا گھونٹا تھا۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہینہ کا ایک سال تین مہینے کا ایک بچہ موجود ہے۔ بہت ہی کم وقفے سے وہ حاملہ ہوگئی تھی۔مگر اس نے یہ بات گھر والوں سے بالکل چھپا رکھی کیونکہ وہ نہیں چاہتی تھی کہ گھر والے اسے جلدی جلدی بچے جننے کا طعنہ دیں۔ حمل کا پورا عرصہ اور پھر بچے کی ولادت کی بات بھی اس نے گھر والوں سے چھپا کررکھی تھی۔بچہ پیدا ہوتے ہی اس نے گلا گھونٹ کر مارڈالاتھا  اور پلنگ کے نیچےاس لئے چھپاکر رکھا تھا تاکہ موقع ملتے ہی اسے کہیں پھینک دیا جاسکے۔لیکن اچانک جسم سےخون بہنے کی وجہ سے اس کو اسپتال لےجایا گیا اور اس کا بھانڈا پھوٹ  گیا۔


Share: